حفیظ شیخ کو جیل میں ڈالیں، پتہ چل جائے گا کدھر ہیں کروڑوں روپے، آصف زرداری

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ وہ جو باہر جاکر کہتا ہے کروڑوں کھاگئے، وہ حفیظ شیخ پکڑ کر جیل میں ڈالے، پتہ چل جائے گا کہ کدھر ہیں ہزاروں اور کروڑوں روپے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں میگامنی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں جس میں وکیل آصف زرداری لطیف کھوسہ نے دلائل دیے جب کہ نیب کی جانب سے سابق صدر کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کی درخواست کی گئی۔
اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے عدالت سے کہا کہ عید کے بعد ہی کیس کی سماعت رکھ لیں جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ عید کے بعد نہیں رکھ سکتے، زیادہ سے زیادہ ریمانڈ 15 دن کا ہو سکتاہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری اور بہن فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی، عدالت نے سابق صدر کو 8 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کرپشن پر باتیں کرنے والےعبدالحفیظ شیخ کو پکڑیں، وہ جو باہر جاکر کہتا ہے کروڑوں کھاگئے، وہ حفیظ شیخ پکڑ کر جیل میں ڈالے، پتہ چل جائے گا کہ کدھر ہیں ہزاروں اور کروڑوں۔
صحافی کے سوال پر کہ کیا آپ مولانا فضل الرحمان کے ملین مارچ میں شرکت کریں گے، آصف زرداری نے کہا کہ ملین مارچ میں ہم کورٹ سے شریک ہوں گے، فکرنہ کرو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *