اقوام متحدہ نےجنگ عظیم دوم کے بعد کورونا وائرس کوسب سے بڑاچیلنج قراردیدیا

نیویارک: (پاکستان فوکس آن لائن) اقوام متحدہ نے دنیا بھرمیں پھیلے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوم کے بعد سب سے بڑا چیلنج قرار دے دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد موجودہ کورونا وائرس دنیا کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے، موجودہ کورونا وائرس سے بدترین عالمی بحران پیدا ہوسکتا ہے جس کاماضی سے کوئی موازنہ نہیں ہے ۔ سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی موجودہ صورت حال جنگ عظیم دوئم کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورت حال کا منظر پیش کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے وائرس کی منتقلی اور اس کے خاتمے کے لئے فوری طور پر مربوط صحت سے متعلق حکمت عملی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کے تخمینے کے مطابق مہلک وبا کے نتیجے میں دنیا بھر میں 25 ملین تک ملازمتیں ختم ہوسکتی ہیں۔جبکہ عالمی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری پر بھی 40 فیصد تک دباؤ آسکتا ہے ۔ انتونیوگوتریس اس وباء سے متعلق اقوام متحدہ کی سماجی و اقتصادی اثرات کے بارے میں ایک رپورٹ پر خطاب کر رہے تھے۔گزشتہ برس دسمبر میں چین سے منظر عام پر آنے والے کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 42 ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 8 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ اس کورونا وائرس کوویڈ 19 کو عالمی وبا قرار دے کر خبر دار کر چکی ہے کہ اگر دنیا نے وائرس پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو اس سے پوری عالم انسانیت کو خطرہ ہے اور لاکھوں افراد اس کا شکار ہوسکتے ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *