پی ٹی آئی کا مریم نواز کی پارٹی کی نائب صدارت کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) تحریک انصاف نے مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا نائب صدر مقرر کیے جانے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپوٹسکے مطابق تحریک انصاف کی قیادت کو مریم نواز کے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر بننے پر اعتراض ہے اور قیادت نے اس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے مریم نواز کو مسلم لیگ ن کے نائب صدر کا عہدہ دینے کے معاملے پر بذریعہ رٹ پٹیشن عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو مسلم لیگ ن کا نائب صدر کیسے بنایا جا سکتا ہے؟ شاہ محمود قریشی نے مریم نواز کو مسلم لیگ ن کا نائب صدر بنانے کا معاملہ ہر سطح پر اُٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینے کے خلاف الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ 3 مئی کو مریم نواز کو پہلی مرتبہ مسلم لیگ ن میں عہدہ سونپا گیا جس کی منظوری پارٹی صدرشہباز شریف نے دی۔حال ہی میں پاکستان مسلم لیگ ن کی بڑے پیمانے پر تنظیم نو کی گئی جس کے تحت مسلم لیگ نے کے کئی رہنماوں کو اہم عہدے سونپ دیے گئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو ن لیگ کی نائب صدر مقرر کر دیا گیا ۔دیگر تبدیلیوں میں مسلم لیگ ن کے 16 نائب صدورمقرر کیے گئے ۔ احسن اقبال مسلم لیگ ن کےجنرل سیکریٹری، شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کےسینیر نائب صدر ، رانا ثناء اللہ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر ، اویس لغاری مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکریٹری اور مریم اورنگزیب مسلم لیگ ن کی سیکریٹری اطلاعات مقرر کر دیے گئے ۔ عہدیداروں کی تعیناتی پارٹی قائد نوازشریف،پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سےکی گئی۔ جبکہ مرکزی اور صوبائی سطح پر موجود تنظیموں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ مریم نواز کو مسلم لیگ ن میں نائب صدر کا عہدہ ملنے پر کئی سیاسی رہنماؤں نے اعتراض بھی کیا تاہم اب پاکستان تحریک انصاف نے اس حوالے سے لیگل ایکشن لینے پر غور شروع کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *