کورونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم کی طبیعت میں بہتری

لندن: (پاکستان فوکس آن لائن) کورونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی طبیعت میں بہتری آگئی۔ آئی سی یو میں رات گزارنے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی طبیعت سنبھل گئی، تاہم انہیں ابھی بھی انتہائی نگہداشت میں رکھا گیاہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن گزشتہ دو روز سے آئی سی یو میں داخل تھے جہاں انہیں آکسیجن سپورٹ فراہم کی گئی جس کے بعد ان کی طبیعت میں خاصی بہتری آئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہےکہ برطانوی وزیراعظم کی غیر موجودگی میں ان کی ہدایت پر وزیر خارجہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور کورونا سے متعلق اہم فیصلے بھی کررہے ہیں۔
برطانوی وزاعظم بورس جانسن کا دو ہفتے قبل کورنا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد اتوار کے روز طبیعت بگڑنے پر انہیں سینٹ تھامس اسپتال منتقل کیا گیا۔بورس جانسن کو تیز بخار اور شدید کھانسی کی شکایت تھی جس سے ان کی طبیعت مزید خراب ہوئی جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) منتقل کیا گیا۔برطانوی وزیر خارجہ ڈومنک راب کا کہناہےکہ 55 سالہ بورس جانسن وینٹی لیٹر پر نہیں تھے، انہیں آکسیجن سپورٹ فراہم کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی طبیعت بہتر ہے اور ان کے حوصلے بھی بلند ہیں، وہ بہت جلد صحت یاب ہوکر لوٹیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *