کراچی،نماز جمعہ کے اجتماع سے روکنے پر پیرآباد میں خاتون ایس ایچ او پر حملہ

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) کراچی میں شہریوں نے پولیس کی جانب سے نماز جمعہ کے اجتماع سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل درآمد کرانے کے دوران ایک مرتبہ پھر پولیس پر دھاوا بول دیا اور پیرآباد تھانے کی خاتون اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کو زخمی کردیا۔واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے لیے صوبے بھر میں جمعے کے روز دن 12 سے دوپہر ساڑھے 3 تک مکمل لاک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی تھی۔اسی سلسلے میں آج جب پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایکشن لینے کی کوشش کی تو شہریوں نے مبینہ طور پر پولیس پر پتھراؤ کردیا جس کے نتیجے میں پیرآباد تھانے کی خاتون ایس ایچ او شرافت خان زخمی ہوگئیں۔
واقعے کے فوری بعد پولیس کی مزید نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں خاتون پولیس افسر کو شدید غصے میں دیکھا جاسکتا ہے۔اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) غربی فدا حسین نے بتایا کہ پیرآباد میں صورتحال قابومیں ہے، ایس ایچ او شرافت خان کی ناک پر چوٹ آئی ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خاتون ایس ایچ او پر تشدد کرنے والے فرار ہوگئے تاہم ان تمام افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ایس ایس پی غربی کا کہنا تھا کہ ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کریں گے اور جلد انہیں گرفتار کرلیں گے۔دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ آصف علی عباسی نے خاتون ایس ایچ او پر حملے کا نوٹس لے لیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے ایس ایس پی اور ڈی آئی جی غربی کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خاتون ایس ایچ او حکومتی احکامات پر عمل درآمد کروا رہی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو بھی کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے پر شہریوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *