محمد وسیم جیسے ٹیلنٹ ہمارے لیے باعث فخر ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: (پاکستان فوکس آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے باکسرمحمد وسیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم جیسے باصلاحیت نوجوانوں کوہمیشہ سپورٹ کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے باکسر محمد وسیم نے ملاقات کی جس میں آرمی چیف نے باکسرمحمد وسیم کو حالیہ کامیابی پرمبارکباد دی۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ محمد وسیم جیسے ٹیلنٹ ہمارے لیے باعث فخر ہیں اور ایسے باصلاحیت نوجوانوں کوہمیشہ سپورٹ کریں گے اور ان جیسے باصلاحیت نوجوانوں کی مدد کے لئے موجود ہیں۔

یاد رہے گزشتہ دنوں باکسر محمد وسیم کی پذیرائی نہ ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ان سے معذرت کی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کی طرف سے معذرت کرتا ہوں، کبھی کبھار قومی ہیروز کی قدر نہ کرنے پر ہمیں تھپڑ مار کر جگانے کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم آئندہ فتح کا جھنڈا گاڑ کر واپس آئے تو خود ان کو لینے ہوائی اڈے جاؤں گا۔
یاد رہے پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر محمد وسیم نے دبئی میں منعقد کئے گئے مقابلے میں فلپائنی باکسر کونراڈو ٹینامور کو پہلے ہی راؤنڈ میں محض 60 سیکینڈز کے اندر ناک آؤٹ کردیا تھا۔وہ اب تک 10 پروفیشنل فائٹس میں سے 9 میں کامیاب ہوئے ہیں اور انہوں نے 7 بار حریف باکسر کو ناک آؤٹ بھی کیا۔شاندار فتح کے بعد جب ان کی وطن واپسی ہوئی تو ان کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ پر کوئی نہیں آیا جس پر انہوں نے سوشل میڈیا پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *