سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو عہدے سے ہٹادیاگیا،نوید کامران سیکریٹری خزانہ تعینات

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) وفاقی حکومت نےگور نر اسٹیٹ بنک اور چیرمین ایف بی آر کی تبدیلی کے بعد اپنی فنانس ٹیم میں ایک اور بڑی تبدیلی کردی ہے ۔ سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو عہدے سے ہٹا کر سیکرٹری کابینہ ڈویژن نوید کامران بلوچ کو سیکرٹری خزانہ مقرر کردیا ہے۔ سابق سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کر نے کی ہدایت کردی گئی۔
کابینہ ڈویژن کی طر ف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی معروف افضل کو سیکرٹری کابینہ تعینات کیا گیاہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹھ ماہ کے دوران بہتر پرفارم نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹیم تبدیل کرلی ہے۔اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ سے تعلق رکھنے والے رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بنک اور شبرزیدی کو چیرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا۔
شبر زیدی ٹیکسیشن کے ماہر اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور 2013 کے انتخابات سے قبل بننے والی سندھ کی عبوری حکومت میں وزیر بھی رہے ہیں۔واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو ہٹائے جانے کے بعد سے معاشی ٹیم میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں حکومت نے گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کو بھی تبدیل کیا ہے جب کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *