پاکستان میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، تعداد 4 ہوگئی

کراچی میں سامنے آنے والا متاثرہ مریض حال ہی میں ایران سے واپس پاکستان پہنچا تھا

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایران سے آئے ہوئے ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہوگئی۔ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد اسے قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ مریض حال ہی میں ایران سے واپس پاکستان پہنچا تھا اور ایران میں ہی مریض کو کورونا وائرس کا اثر ہوگیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مریض سے رابطے میں رہنے والے دیگر افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ 2 مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے ایک کیس کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کے دوران ملک میں مزید 2 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ نئے کیسز بھی سندھ اور وفاقی علاقے میں رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں منتقل کردیا ہے۔ گزشتہ کیسز کے حوالے سے معاون خصوصی نے بتایا کہ دونوں مریض صحت یاب ہورہے ہیں جن میں سے ایک مریض کو جلد ہی اسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔زائرین کے حوالے سے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کرلی ہے کہ تفتان میں زائرین کو کیسے واپس لانا ہے، اب ہم بتدریج ایران سے زائرین کو واپس لا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *