کراچی میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تدفین کے لیے 5 قبرستان مختص

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)شہری حکومت نےکورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کے لیے 5 قبرستان مختص کر دیے۔میئر کراچی وسیم اختر کی زیر صدارت کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تدفین سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں گورکنوں کو حفاظتی لباس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تدفین کے لیے ضلع وسطی میں نارتھ کراچی کا شاہ محمد شاہ قبرستان جب کہ ضلع وسطی اور غربی کی میتوں کی تدفین سرجانی ٹاون کے قبرستان میں بھی کی جائے گی۔اس کےعلاوہ ضلع جنوبی اور غربی کی میتوں کی تدفین مواچھ گوٹھ کے قبرستان میں ہوگی جب کہ کورنگی اور ملیر کی میتیں کورنگی 6 نمبر کے قبرستان میں سپردخاک کی جاسکیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میتوں کی تدفین کے سلسلے میں گورکنوں کو حفاظتی لباس کی فراہمی کے لیے پی ڈی ایم اے سے رابطہ کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈائریکٹر قبرستان نے بتایا کہ شہر کے مختلف قبرستانوں میں اب تک کورونا سے جاں بحق 4 افراد کی تدفین ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث صوبہ سندھ میں مزید 2 ہلاکتوں کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 1670 ہو گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *