برطانیہ میں بھی اسلام فوبیا، شرپسندوں کا مساجد پر حملہ، شیشے توڑ دیے

برمنگھم: (پاکستان فوکس آن لائن) نیوزی لینڈ کے بعد برطانیہ میں بھی اسلام فوبیا کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ برمنگھم میں شرپسندوں نے رات گئے چار مساجد پر حملہ کر کے ان کے شیشے توڑ دیے، مسلمانوں نے حکومت سے سیکیورٹی کا مطالبہ کر دیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں شرپسندوں نے رات گئے مساجد پر حملے کیے جن میں ہتھوڑوں اور لاٹھیوں کا استعمال کیا گیا تھا تاہم واقعےمیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق رات گئے نامعلوم افراد نے وٹن روڈ اسلامک سنٹر پر حملہ کیا اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے۔ امام مسجد کے مطابق سات کھڑکیوں اور دروازوں کو نقصان پہنچا۔انہوں نے پولیس نے مساجد کی سیکیورٹی سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے بھاری ہتھوڑے کی مدد سے مساجد کے شیشے توڑ دیے اور دروازوں کو نقصان پہنچایا۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ملزمان کی جانب سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ برمنگھم پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لے رہی ہے۔سانحہ نیوزی لینڈ کے بعد سے برمنگھم میں پولیس نے اپنی پٹرولنگ اور سیکیورٹی بڑھا دی تھی جب کہ مذکورہ علاقوں میں پاکستانی کمیونٹی بڑی تعداد میں آباد ہے۔یاد رہے کہ 16 مارچ بروز جمعہ کو نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کا ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک آسٹریلوی دہشتگرد نے نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مساجد میں آنے والے نہتے نمازیوں کو بے دردی سے چن چن کر قتل کر دیا تھا۔دہشتگردی کے اس واقعہ میں 50 مسلمان شہید ہو گئے تھے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اس دہشتگرد کا نام بھی لینا نہیں چاہتیں، وہ ہمیشہ گمنام ہی رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *