لاہور میں کورونا وائرس سے لیڈی ڈاکٹر دم توڑ گئیں، محکمہ صحت کی تصدیق

صوبہ پنجاب میں مزید 100 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن)کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر مقامی اسپتال میں زیر علاج لیڈی ڈاکٹر ثنا فاطمہ جاں بحق ہو گئیں۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب حافظ قیصر کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈاکٹر ثنا فاطمہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں مزید 100 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ ہیلتھ کیئر ورکرز کی تعداد 341 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق لیڈی ڈاکٹر پرائیویٹ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کے علاج پر تعینات تھیں، لیڈی ڈاکٹر کو 20 مئی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر ثنا فاطمہ کو کورونا مثبت آنے کے بعد آئسولیٹ کیا گیا۔ محکمہ صحت کے مطابق آج صبح لیڈی ڈاکٹر دم توڑ گئیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 64 ہزار 28 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 57 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 317 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2636 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 22 ہزار 964، سندھ میں 25 ہزار 309، خیبر پختونخوا میں 8 ہزار 842، بلوچستان میں 3 ہزار 928، گلگت بلتستان میں 658، اسلام آباد میں 2 ہزار 100 جبکہ آزاد کشمیر میں 227 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 5 لاکھ 20 ہزار 17 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ہزار 931 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 22 ہزار 305 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *