مون سون سسٹم کراچی کے جنوب مشرق میں موجود، شہر میں آندھی کا امکان

موسم تبدیل ہونا شروع،کراچی میں بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونے کا خدشہ

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارش برسانے والاسسٹم کراچی کے جنوب مشرق میں سمندر میں موجود ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کراچی میں داخل ہونے سے قبل آندھی چل سکتی ہے جب کہ آج رات سے 8 جولائی کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مشرقی سندھ میں ہوا کا کم دباؤ اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے، تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔انہوں نےکہا کہ شہر قائد میں آج شام سے بارش کا آغاز ہوگا، شہر میں بارش سے قبل گرد آلود آندھی چلے گی، آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔سردار سرفراز نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ پرسوں صبح تک جاری رہے گا، کراچی میں 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، تاہم گرمی کی شدت میں کمی بدھ کی شام سے ہوگی، بدھ کی شام کو ہوا کا کم دباؤ ختم ہونے سے سمندری ہوائیں بحال ہو جائیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ شام سے شہر قائد میں آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، مون سون سسٹم نے مضبوطی حاصل کر لی ہے، موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، گزشتہ شام شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بوندا باندی بھی ہوئی۔
کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے تاہم دوسری طرف حکومتی انتظامات ناکافی نظر آ رہے ہیں، رین ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے باوجود شہر میں بیش تر نالوں کی صفائی نہ ہو سکی، کراچی میں گجرنالہ، لیاری ندی، تین ہٹی ندی سے متصل آبادی تاحال موجود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *