وفاقی کابینہ اجلاس: وزیراعظم سمیت متعدد وزرا کی مریم نواز کو بیرون ملک نہ بھیجنے کی تائید

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم سمیت متعدد وزرا نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی ہے۔ اجلاس میں فیصل واوڈا نے مریم نواز کو بیرون ملک بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام کسی بھی صورت ای سی ایل سے نہ نکالا جائے، وزیراعظم عمران خان سمیت متعدد وزرا نے تائید کر دی۔زیرو آور میں ن لیگی رہنما مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کا تذکرہ بھی ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ان کی بیرون ملک روانگی کی بھرپور مخالفت کی اور کہا کہ حکومت کسی صورت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے۔ وزیراعظم سمیت متعدد وزرا نے ان کی کی رائے سے اتفاق کیا۔
وفاقی کابینہ نے زرعی شعبے کو 100 ارب روپے اور بجلی کی مد میں 242 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے تعین کے طریقہ کار پر اعتراض کرتے ہوئے وزارت توانائی کو طریقہ کار تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ لوکل گورنمنٹ کمیشن پر وزارت داخلہ سے دوبارہ بریفنگ طلب کی گئی جبکہ اوورسیز فاؤنڈیشن بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 12 نکات پیش کیے گئے تھے جس میں سے 6 منظور ہوئے۔ اجلاس میں حکومت کی 15 ماہ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے 300 یونٹ تک کے صارفین کو 242 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی جبکہ زرعی شعبے کو 100 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے رکاوٹوں کو بھی دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو باریک بینی سے دیکھا گیا جبکہ وزارت پانی و بجلی نے لائن لاسسز کو کم کیا ہے۔ حکومت گردشی قرضہ کم کر کے 12 ارب روپے تک لے آئی ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مفرور قانون کو مطلوب ہیں جو بیرون ملک پاکستان کے قوانین کا مذاق اڑاتے ہیں، ان چور اور ڈاکوؤں کو مسیحا کے روپ میں پیش نہ کیا جائے۔ سزا یافتہ مجرموں سے متعلق قانون سازی پر غور کر رہے ہیں۔ وزیر قانون کو اس حوالے سے ٹاسک دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *