آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

علاقائی سلامتی کی صورتحال اور افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (پاکستان فوکس آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اہم ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور زلمے خلیل زاد کے درمیان ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے خطے میں امن کے مشترکہ ہدف کیلئے پاکستان کی کوششوں اور کردار کو سراہا۔قبل ازیں زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی اہم ملاقات کی جس میں افغان امن عمل سے متعلق مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لانے کیلئے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد ایک روزہ دورے پر قطر ایئر لائن کی پرواز کیو آر 614 کے ذریعے پاکستان پہنچے۔ انہوں نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں ان کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں سمیت خطے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے وزیر خارجہ کو طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات سے متعلق حالیہ صورتِ حال کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدہ طے پانے سے انٹرا افغان مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی، جو ناصرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطے کے امن واستحکام کیلئے خوش آئند ثابت ہو گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *