رحمان ملک نے زیادتی کا نشانہ بنایا، گیلانی نے دست درازی کی،سنتھیارچی

مخدوم شہاب الدین نے بھی بدسلوکی کی، سنتھیا رچی کے پیپلز پارٹی رہنماوں پر سنگین الزامات

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک پر زیادتی کا الزام عائد کر دیا ہے۔ انہوں نے سنگین نوعیت کے الزام اپنی ایک ویڈیو میں لگائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیارچی نے رحمان ملک ، یوسف رضاگیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر جنسی زیادتی اور دست درازی کے الزامات لگا دیئے۔اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا ڈان رچی نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے خلاف اس لیے زیادہ بولتی ہیں کیونکہ 2011 میں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے انہیں جنسی زیادتی کانشانہ بنایا ۔ اس وقت کے وزیر صحت مخدوم شہاب الدین اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ایوان صدر میں انہیں جسمانی طور پر ہراساں کیا۔سنتھیا رچی نے کہا کہ وہ اس واقعے کی مزید تفصیلات بتانے کیلئے بھی تیار ہیں لیکن وہ یہ تفصیلات تحقیقاتی صحافیوں کے سامنے بیان کریں گے۔
سنھیارچی نے واضح کیا کہ وہ خود کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات اس لیے بتارہی ہیں تاکہ نوجوان لڑکیوں، ریپ کا نشانہ بننے والے لڑکوں اور خواجہ سراؤں کی حوصلہ افزائی کرسکیں۔ وہ آج کے بعد کبھی یہ برداشت نہیں کریں گی کہ کوئی انہیں غیر مناسب طریقے سے ہاتھ لگائے یا ان کی طرف گندی نظروں سے دیکھے۔ وہ اس ملک میں رہتے ہوئے ان لوگوں کو انصاف دلانے کی بھرپور کوشش کریں گے جن کے ساتھ اس قسم کے واقعات پیش آئے ہوں۔
دوسری جانب سنتھیا رچی کے الزامات پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ خاتون کے الزامات کے جوابات دینا توہین ہوگا۔ امریکی خاتون کو ایسی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس امریکی خاتون نے شہید بینظیر پر بھی عجیب وغریب الزامات لگائے۔ کوئی بھی شہید بی بی پر الزام برداشت نہیں کر سکتا۔ علی حیدر گیلانی اور علی قاسم اس معاملے پر عدالت جا چکے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ الزام لگانے والی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں؟ سنتھیا رچی کو سیاستدانوں پر الزامات لگانے کا حق کس نے دیا ہے؟
ادھر سنتھیا رچی نے کہا ہے کہ میں مزید تفصیلات خوشی خوشی کسی غیر بھی جانبدار تحقیقاتی صحافی کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہوں۔ میں اپنے چند قریبی اور بااعتماد لوگوں کے ساتھ یہ پہلے ہی شیئر کر چکی ہوں تا کہ خدانخواستہ میرے ساتھ کچھ ہو نہ جائے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *