کراچی میں مون سون کی پہلی بارش ، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق

بارش شروع ہوتے ہی 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)شہر قائد میں مون سون کی پہلی بارش کے دوران مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے اور ترسیل کا نظام بری طرح متاثر ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہونے سے شدید ٹریفک جام ہے۔ بارش کے دوران مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق چکے ہیں۔ اورنگی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 8 سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوا ہے۔ دوسری جانب بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہرمیں 200سےزائدفیڈرزٹرپ کرگئے ہیں جس کے بعد لیاری،بلدیہ ،کیماڑی،کورنگی اورلانڈھی کےعلاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔ نیوکراچی،نارتھ کراچی،بفرزون،لیاقت آباد،اورنگی ٹاون میں بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔موسم کی پہلی بارش سے شہر میں نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث شارع فیصل ، کورنگی ایکسپریس وے، کورنگی روڈ سمیت شہر کی مختلف شاہراہوں پر برساتی پانی جمع ہونے کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں 1 اعشاریہ دو، کلفٹن میں 6ملی میٹر،لانڈھی میں 3 اعشاریہ ایک ملی میٹر،اولڈ ائیرپورٹ پر 10 ملی میٹر،پی اے ایف مسرور میں 12ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل میں 26ملی میٹر،ناظم آباد میں 22ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے آخر تک برقرار رہے گا اور شہر میں مون سون کے کئی اسپیل بارش کا سبب بنیں گے۔شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *