سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئی، ڈالر سستا

 فی تولہ سونا 2250 روپے اضافے سے ایک لاکھ 13 ہزار 500 کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بیک وقت 2 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جس کے بعد سونا تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گیا جبکہ ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی۔سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 2250 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 13 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔10 گرام سونے کی قیمت 1929روپے بڑھ کر 97308 روپے ہوگئی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر 12 ڈالر اضافے سے 1825 ڈالر فی اونس ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں 1600 روپے کا اضافہ دیکھنے کو ملا تھا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 11 ہزار 250 روپے ہو گئی تھی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافے کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت ملک میں اس قیمتی دھات کی قیمتیں تاریخ کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر ہیں۔پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت اس وقت ایک لاکھ دس ہزار سے زائد تک جا پہنچی ہے۔ سونے کی قیمت میں بے تحاشا اضافے کا معاملہ صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی صورتحال کچھ ایسی ہی ہے اور سونے کی عالمی منڈی میں فی اونس قیمت اٹھارہ سو ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت 60 پیسےکم ہوکر 168.20روپے ہوگئ ہے جبکہ انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر 40 پیسے سستا ہوا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *